حسابان
وکیپیڈیا سے
حسابان ، دراصل ریاضی کی ایک شاخ ہے جس نے الجبرا اور ہندسہ (geometry) سے ترقی پائی ہے۔ یہ شعبہ، دو متمم (ایک دوسرے کو مکمل کرنے والے) تصورات پر قائم ہے، جو کہ دونوں ہی بذات خود ریاضی کے ایک اہم تصور یا طرزفکر پر انحصار کرتے ہیں جسکو حـــد (limit) کہا جاتا ہے۔ ان میں سے پہلا تصور ،تفریقی حسابان (differential calculus) کہلاتا ہے جو کہ کسی بھی ایک مقدار میں دوسری مقدار کے لحاظ سے ہونے والی فوری تبدیلیوں سے بحث رکھتا ہے یا یوں کہ لیں کہ اسکے کردار وعمل کے محلی (local) رویوں سے متعلق ہوتا ہے، اسکو مائل (slope) کی مدد سے بخوبی سمجھا جاسکتا ہے کہ جس میں ایک غیرخطی عمل (non linear function) میں ہونے والی تبدیلیوں کا ایک مائل یا سلوپ کی مدد سے تجزیہ کیا جاتا ہے (تبدیلیوں کی وجہ سے ہی مائل پیدا ہوتا ہے بصورت دیگر عمل کو خطی خصوصیات کا حامل کہا جاتا ہے)۔ دوسرا تصور متکامل حسابان (integral calculus) کا ہے جو کہ مقداروں کے اجتماع سے بحث کرتا ہے۔ یہ دونوں تصورات ایک دوسرے کے بالعکس عمل کرتے ہیں ، جسکی مزید وضاحت کے لیۓ صفحہ مخصوص ہے، قضیہ اساسی حسابان (fundamental theorem of calculus)۔ |