سینٹ پیٹرز برگ
وکیپیڈیا سے
سینٹ پیٹرز برگ جنوب مغربی روس کا ایک شہر ہے جو بحیرہ بالٹک میں خلیج فن لینڈ کے مشرقی کنارے پر دریائے نیوا کے ڈیلٹا پر واقع ہے۔ یہ عام طور پر پیٹر کہلاتا ہے جبکہ 1914ء سے 1924ء کے درمیان اسے پیٹرو گراڈ اور 1924ء سے 1991ء تک لینن گراڈ کہا جاتا تھا۔
شہر کی بنیاد 16 مئی 1703ء کو روس کے زار پیٹر اعظم نے رکھی۔ یہ 200 سال سے زائد عرصے تک روسی سلطنت کا دارالحکومت رہا۔ انقلاب روس کے بعد 1917ء میں دارالحکومت سینٹ پیٹرز برگ سے ماسکو منتقل کردیا گیا۔
2002ء کی مردم شماری کے مطابق شہر کی آبادی 47 لاکھ ہے اور یہ روس کا دوسرا اور یورپ کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے۔
سینٹ پیٹرز برگ یورپ کا اہم ثقافتی مرکز اور روس کی اہم ترین بندرگاہ ہے۔ شہر کا کل رقبہ 1439 مربع کلومیٹر ہے اور یہ 10 لاکھ سے زائد آبادی کے حامل یورپی شہروں میں لندن کے بعد رقبے کے لحاظ سے دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ نیویارک سے دوگنا اور پیرس سے 13 گنا بڑا ہے۔
سینٹ پیٹرز برگ 10 لاکھ سے زائد آبادی کے حامل دنیا بھر کے شہروں میں انتہائی شمالی شہر ہے۔ شہر کے مرکز کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دے رکھا ہے۔