شط العرب
وکیپیڈیا سے
شط العرب (فارسی: اروند رود) جنوب مغربی ایشیا کا ایک دریا ہے جو ملک عراق میں واقع ہے۔ 200 کلومیٹر طویل یہ دریا جنوبی عراق میں القرنہ کے مقام پر دریائے فرات اور دریائے دجلہ کے ملنے سے تشکیل پاتا ہے۔ اس دریا کا جنوبی ساحل عراق اور ایران کے درمیان سرحد بناتا ہے اور یہ خلیج فارس میں جاگرتا ہے۔ اس کی چوڑائی بصرہ کے مقام پر 760 فٹ (232 میٹر) سے لے کر سمندر میں گرنے کے مقام پر نصف میل (0.8 کلومیٹر) تک ہے۔
اس خطے میں جہاز رانی کے تنازعے پر ہی ایران اور عراق کے درمیان 80ء کی دہائی میں معروف جنگ ہوئی۔ عراق کے مشہور شہر بصرہ اور ام قصر اسی دریا کے کنارے واقع ہیں۔ اس کے علاوہ ایران کے شہر ابادان اور خرم شہر بھی اس کے دوسری جانب واقع ہیں۔ یہ چاروں شہر خلیج فارس کی مشہور بندرگاہیں ہیں۔