ایجئین تہذیب
وکیپیڈیا سے
Aegean Civilization
تین اور چار ہزار قبل مسیح کے درمیان کریٹ کے جزیرے میں ایک نئی تہذیب نشوونما پا رہی تھی۔ اس جزیرے کے لوگ جہاز ران بھی تھے۔ مچھلیاں بھی پکڑتے تھے۔ تجارت بھی کرتے تھے اور موقع ملتا تو لوٹ مار کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے تھے۔ تقریبا 1500 ق م تک جزیرہ کریٹ عظیم الشان تہذیب کا مرکز بنا رہا۔ یہ تہذیب جو ایجئین تہذیب کہلاتی ہے۔ آہستہ آہستہ بحیرہ روم اور بحیرہ ایجیئن کے دوسرے علاقوں میں پھیل گئی۔ کچھ عرصے تک تو کریٹ کا بادشاہ اس سارے علاقے کا فرمانروا رہا۔ لیکن 1400ء ق م میں الگ الگ شہروں کی حکومتیں خودمختار ہوگئیں اور کریٹ کے بجائے یونان مرکز حکومت قرار پایا۔ کریٹ اور آس پاس کے دوسرے جزیروں کے لوگ اعلی درجے کے صناع تھے۔ وہ بڑے خوشنما ظروف بناتے جنہیں بیل بوٹوں اور تصویروں سے آراستہ کیا جاتا تھا۔ مکا بازی اور سانڈوں کی لڑائی ان کے تفریحی مشاغل تھے۔ انھوں نے بڑے عالی شان محل بھی تعمیر کیے جن کے کھنڈر آج بھی موجود ہیں۔ وہ لکھنا پڑھنا بھی جانتے تھے۔ ان کی تحریر کے اکثر نمونے ملے ہیں۔ لیکن ابھی تک کوئی شخص انھیں پڑھ نہیں سکا۔