دقیقہ
وکیپیڈیا سے
- اردو متبادل: منٹ کا اردو متبادل دقیقہ ہے لہذا منٹ کو دقیقہ کہنا علمی (سائنسی) لحاظ سے درست ہو گا۔ چونکہ منٹ زیادہ معروف ہے اس لیے اس مضمون میں دقیقہ کی تفصیل بیان کرتے وقت منٹ کا لفظ بھی استعمال کیا گیا ہے تا کہ پڑھنے اور سمجھنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔
ایک دقیقہ (منٹ)، وقت کی ایک اکائی ہے جو گھنٹے کے 60/1 ویں حصے اور 60 ثانیوں (سیکنڈوں) کے برابر ہے۔ (چند خاص صورتوں میں کچھ دقیقے 59 یا 61 ثانیوں کے بھی ہو سکتے ہیں؛ دیکھیے ثانیۂ کبیسہ (leap second)۔ علمی مقاصد کیلیے، دقیقہ ( منٹ) وقت کی ایک اکائی ہے جو قریبا دن کے 1600/1 ویں حصے، یا 54 ثانیوں (seconds) کے برابر ہوتی ہے (اصل مقدار: 53.9121 ثانیے)۔ ایسے دقیقے کو قدرتی دقیقہ کہتے ہیں تاکہ روایتی دقیقے سے اس کی تفریق کی جا سکے۔ اس کی مقدار 1054 پلانک وقت ہے۔
علم ہندسہ میں دقیقہ (منٹ) زاویہ کی ایک اکائی ہے جو درجہ کے 60/1 ویں حصے کے برابر ہے۔ اسے زاویے کا دقیقہ یا قوس کا دقیقہ (minute of arc) بھی کہتے ہیں اور اسے مزید 60 زاویے کے ثانیوں (seconds) میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
فلکیات میں دقیقہ زاویہ اور وقت کی ایک اکائی ہے اور عروج قائم (right ascension) کے گھنٹے 60/1 ویں حصہ کے برابر ہے۔ یہ عروج قائم کا دقیقہ (منٹ) کہلاتا ہے اور مزید عروج قائم کے 60 سیکنڈوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
انگریزی میں وقت یا عروج قائم کے دقیقہ (منٹ) کی علامت min ہے۔
قوس کے دقیقہ (منٹ) کیلیے جو علامت استعمال ہوتی ہے اسے پرائیم (prime) (´) کہتے ہیں۔ مثلا پندرہ دقیقوں کو ´15 بھی لکھا جا سکتا ہے۔ تاہم عام طور پر علامت اضافت (سنگل کوٹ یا اپاسٹرافے) استعمال کی جاتی ہے۔
زمین اپنے قطبی محور کے گرد وقت کے ہر ایک دقیقے (منٹ) میں قریبا قوس کے پندرہ دقیقے (منٹ) گھومتی ہے۔ زمین کے خط استوا پر قوس کا ایک منٹ قریبا ایک بحری میل (nautical mile) کے برابر ہے۔
گھنٹے میں 60 دقیقے (منٹ) غالبا شہر بابل کے باسیوں کے زیراثر آئے ہیں جو بنیاد-60 کا عددی نظام استعمال کرتے تھے۔
[ترمیم کریں] ابتدا
وقت اور وقت کی تقسیم کا موجودہ نظام چونکہ مغرب سے آیا ہے اس لیے لفظ منٹ بھی انگریزی سے آیا ہے اور کثرت استعمال کی وجہ سے اردو زبان کا حصہ بن گیا ہے۔ انگریزی میں منٹ کا لفظ لاطینی کے minutus سے آیا ہے جسکا ایک مفہوم minute آج بھی انگریزی میں، صغیر یا چھوٹے، کے لیے مستعمل ہے۔ ریاضی دان Ptolemy نے سب سے پہلے لفظ pars minuta prima دائرے کے 60/1 ویں حصے کیلیے استعمال کیا، جسکے بعد اس لفظ کو گھنٹے کے 60/1 ویں حصے کیلیے بھی استعمال کیا جانے لگا، prima کا مطلب ہے اول یا پہلا اور pars کا مطلب ہے حصہ۔ پھر اسی تصور اور انہی الفاظ کی رو میں دوسرا لفظ نمودار ہوا جو کہ secunda pars minuta کہلایا secunda ثانوی یا دوسرے کا مفہوم ادا کرتا ہے اور اسی سے مختصر ہو کر آج کا انگریزی second ماخوذ ہے۔ یعنی گھنٹے کی دوسری یا ثانوی تقسیم (پہلی تقسیم دقیقہ یا منٹ کہلائی)۔