آغاحشرکاشمری
وکیپیڈیا سے
آغا محمد حشر ابن آغا غنی شاہ بنارس میں 1879ء میں پیدا ہوئے تعلیم و تربیت بنارس میں ہوئی۔ آپ کے والد مذہبی معاملات میں قدامت پسند تھے۔ اس لیے آغا حشر ابتداء میں انگریزی تعلیم سے محروم رہے۔ دینیات کی تعلیم مولوی عبدالصمد سے حاصل کی اور سولہ پارے حفظ کیے۔
آغا حشر موزوں طبیعت رکھتے تھے۔ چھوٹی عمر میں شعر کہنے لگے اور فائز بنارسی کو کلام دکھانے لگے۔ مہدی حسن احسن لکھنوی مشہور ڈرامہ نویس سے جھڑپ ہوجانے پر ڈرامہ نگاری کا خیال پیدا ہوا۔ چنانچہ 1897 میں آپ کا پہلا ڈرامہ (آفتاب محبت) کے نام سے شائع کیا جو بہت مقبول ہوا۔ آغا حشر نے انیس سال کی عمر میں ڈرامہ نگاری میں نام پیدا کر لیا تھا تاہم وہ آگے چل کر اردو زبان کے شیکسپئر کہلائے۔ آغا حشر نے انگریزی زبان سیکھی اور شیکسپئر اور دیگر غیر ملکی ڈرامہ نویسیوں کے ڈرامے پڑھے اور بعض کا اردو میں ترجمہ کیا۔ آپ نے نظمیں بھی لکھیں اور غزلیں بھی لکھیں۔ 1935ء میں لاہور میں فوت ہوئے اور یہیں دفن ہوئے۔
آغا حشر نے بے شمار ڈرامے لکھے جن میں خواب ہستی ، رستم و سہراب، مرید اشک، اسیر حرص، ترکی حور، آنکھ کا نشہ ، یہودی کی لڑکی، خوبصورت بلا، سفید خون بہت مشہور ہوئے۔